بھٹکل 28/مئی (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹکا میں اس بار سابقہ سالوں کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی شدت کی گرمی محسوس کی جارہی ہے، اسی کے ساتھ ہی پہلی بار پورے ساحلی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے گذشتہ روز مینگلور کے نہرو میدان میں نماز استقساء کا اہتمام کیا گیا تھا، بعد میں ضلع شمالی کینرا کے منڈگوڈ میں بھی نماز استسقاء ادا کی گئی اور اب حال ہی میں ضلع اُڈپی کے گنگولی میں بھی نماز استسقاء پڑھی گئی اور بارش کے لئے دعائیں کی گئیں۔
سنیچر کو گنگولی کی سینٹرل جمعہ مسجد میں نماز کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لکھنو رائے بریلی کے مدرسہ ضیاء العلوم کے نائب پرنسپال مولانا عبدالسبحان ندوی نے نماز پڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے دُعا فرماتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے، کئی جگہوں پر پینے کا پانی دستیاب نہ ہونے سے عوام کا جینا دوبھر ہورہا ہے، درجہ حرارت بہت زیادہ کم ہوجانے کی وجہ سے ندی، نالے یہاں تک کنویں تک سوکھ چکےہیں، انہوں نے اللہ رب العزت سے دُعا کی کہ یا اللہ ہم پر رحم فرما اور بارش کی شکل میں اپنی رحمت ہم پر نازل فرما، بارش کےذریعے ہماری پریشانیوں کو دور فرما اور آئندہ دنوں میں اچھی بارش برساتے ہوئے ملک کے تمام لوگوں کے مسائل کو حل فرما۔ اس موقع پر گنگولی جمعہ مسجد کے امام مولانا مزمل ندوی، مولانا عبدالمتین صدیقی، مولانا عبدالوہاب ندوی و دیگر کئی اس موقع پر موجود تھے۔
اس سےقبل بدھ کو منڈگوڈ کی مسجد نورانی کے کھلے میدان میں بھی نماز استسقا ء ادا کی گئی تھی اور بارش کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئی تھی۔